* لکھ سکو تو تازہ تحریریں لکھو *
لکھ سکو تو
کے اشرف
لکھ سکو تو تازہ تحریریں لکھو
خوں سے تر ماضی کو زنجیریں لکھو
اپنے آبا نے جو کی تھیں غلطیاں
نیکیاں مت ان کو تقصیریں لکھو
تھا قبائل کا جو طرز زندگی
دین کی مت اس کو تفسیریں لکھو
دل نشیں ہے یہ صدائے عہد نو
برش پکڑو اس کی تصویریں لکھو
جن سے ہو تعمیر اک تازہ جہاں
اپنے خوابوں کی وہ تعبیریں لکھو
***********
|