بر صغیر کی ممتاز گلوکارہ ریشما کے سانحۂ ارتحال پر منظوم تاثرات
احمد علی برقیؔ اعظمی
ریشما کی صدا تھی گوش نواز
کر گئی جس کی روح کل پرواز
لحن میںاس کے تھا وہ سوز و گداز
لوگ رہتے تھے گوش بر آواز
لے کے اپنا ہُنر وہ ساتھ گئی
تھا جو سارے جہاں میں مایۂ ناز
تھی امیں مشترک ثقافت کی
جس سے برِّ صغیر ہے ممتاز
جس کی تھی زادگاہ راجستھان
عہدِ نو میں تھی وقت کی آواز
سر دُھنیں جس پہ اہلِ موسیقی
ایسا تھا اُس کا دلنشیں انداز
عالمِ رنگ و بو سے ہو کے جُدا
کرگئی سازِ دل کو بے آواز
تھا جو برقیؔ وقارِ موسیقی
آج خاموش ہوگیا وہ ساز
******************