مدت کے بعد آئے ہیں، سیلاب دیکھ لیں
ہجراں نصیب چشم کو غرقاب دیکھ لیں
دل کے نگار خانے میں قوس و قزح سا کچھ
آنکھوں میں رنگ و نور کا گِرداب دیکھ لیں
رنگِ ملال چہرے سے ہونے لگا عیاں
خواہش مگر تھی اس کو ظفر یاب دیکھ لیں
ہے سر بلند حسنِ بلاخیز بھی مگر
دل کو مرے بھی عشق میں بے تاب دیکھ لیں
شوق و جنوں کی ایک مکمل کتاب ہوں
پڑھ کر نگاہِ شوق سے ہر باب دیکھ لیں
تشہیر کر رہے ہیں جو امن و امان کی
شہر دلِ تباہ کو خوں ناب دیکھ لیں
اک پل سُکون ہے، نہ ہی دل کو قرار ہے
بے فیضیِ حیات کو پُر آب دیکھ لیں
پھر سے بسائیں دل میں نئی بستیاں حیات
پھر دیدۂ بے رنگ سے کچھ خواب دیکھ لیں
عادل حیات
Department of Urdu
Jamia Millia Islamia
New Delhi 110025
Mobile No.: 9313055400
Emai: adilhayat10@gmail.ocm
…