رنبیر اور دیپیکا کو ہوگیا ہے پھر سے پیار
بالی ووڈ میں چند اسٹارز ہی ایسے ہیں جو بریک اپ کے بعد بھی اپنی پرانی گرل فرینڈ کو ہر موقع پر سپورٹ کرتے نظر آتے ہیں اور ان ہی اسٹارز میں سے ایک ہینڈسم رنبیر کپور بھی ہیں۔ جی ہاں یہ جوانی ہے دیوانی کی پروموشن کے دوران جب ایک صحافی نے دپیکا سے پوچھا کہ کیا اس بار بھی آپ نے پروموشن کے لئے کوئی ٹیٹو بنوایا ہے (فلم بچنا اے حسینو کی پروموشن کے لئے دیپیکا نے اپنی گردن پر آر کے یعنی رنبیر کپور کے نام کا ٹیٹو بنوایا تھا) تو اس سے پہلے کہ دیپیکا کوئی جواب دیتیں رنبیر نے تڑخ کر جواب دیا بہت ہی کمال کا بیہودہ سوال پوچھاہے آپ نے۔۔۔ اور پھر سنبھل کر جتاتے ہوئے کہا اداکار ہر کام پروموشن کے لئے نہیں کرتے۔ دوسرے لوگوں کی طرح ہماری بھی ایک علیحدہ ذاتی زندگی ہے جس کی عزت کرنا چاہئے۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ صحافیوں کو ہو کیا گیا ہے!
اتنا ہی نہیں دیپیکا نے بھی بلا جھجک اس بات کا اظہار کیا کہ رنبیر ان کے معاملے میں بے حد حساس ہیں۔ جب دیپیکا سے سوال کیا گیا کہ کیا صرف رنویر سنگھ کے نام سے چھیڑنے کی وجہ سے آپ شاہ رخ خان سے ناراض ہوگئی تھیں؟ تو دیپیکا نے رنبیر کی طرف دیکھتے ہوئے جواب دیا رنبیر میرے لئے بہت حساس ہے اور اسے پسند نہیں کہ میں کسی اور کے بارے میں باتیں کروں۔ جس پر رنبیر نے بھی غیر متعلقہ سوالات نہ کئے جائیں کا نعرہ لگا دیا۔
ویسے تو رنبیر اور دیپیکا کی محبت قصہ پارینہ بن چکی تھی مگر اس بجھی ہوئی آگ میں چنگاریاں اس وقت نظر آئیں جب فلم کا ٹریلر دکھایا گیا۔ ٹریلر کچھ یوں اختتام پذیر ہوتا ہے کہ فلم کی ہیروئن دیپیکا ہیرو رنبیر کپور سے کہتی ہے، ’’ورنہ مجھے تم سے پیار ہوجائے گا پھر سے‘‘ اور اس کے بعد صحافیوں نے رنبیر اور دیپیکا پر سوالات کی بوچھاڑ کردی اور پوچھا کہ کیا فلم کی شوٹنگ کے دوران آپ دونوں کی آف اسکرین کیمسٹری نے کوئی نیا موڑ لے لیا ہے؟ تو دیپیکا نے مسکراتے ہوئے مبہم سا جواب دیا اور کہا میں کیمسٹری میں فیل ہوئی تھی۔ ویسے اس کانفرنس سے فلم یہ جوانی ہے دیوانی کی پروموشن تو خوب ہوئی مگر ساتھ ساتھ یہ سوال بھی زیر بحث آگیا ہے کہ کیا دیپیکا اور رنبیر کو پیار ہوگیا ہے پھر سے؟
********************
|